چاغی: ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں دہشتگردوں کے ایک مبینہ ٹھکانے پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے برابچہ کے علاقے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے زیر استعمال ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا۔برآمد ہونے والے سامان میں 2 عدد آئی ای ڈیز، 3 عدد ایس ایم جیز، ایک اے کے-47 رائفل، ایک ایم فور رائفل، ایک ایم پی فائیو ایس ایم جی، 2 ہینڈ گرینیڈ، 2 ڈیٹونیٹنگ فیوز، 3 یو بی جی ایل راؤنڈز اور مختلف اقسام کے 846 راؤنڈز شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد ممکنہ طور پر کسی بڑی دہشتگرد کارروائی کے لیے منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں مزید سرچ اور کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے تاکہ دہشتگرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
