Baaghi TV

قومی اسمبلی اجلاس،حکومتی و اپوزیشن اراکین میں تلخ کلامی،گالم گلوچ

Parliment

قومی اسمبلی اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے درمیان شدید تلخ کلامی دیکھنے میں آئی، جہاں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور تحریک انصاف کے ارکان کے درمیان جملوں کا تبادلہ گالم گلوچ تک جا پہنچا۔ اس دوران اسپیکر قومی اسمبلی مسلسل مداخلت کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں لانے کی کوشش کرتے رہے۔

اجلاس کے دوران اپوزیشن کی تنقید کے جواب میں رانا تنویر حسین نے تحریک انصاف کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ان کے مقابلے میں الیکشن لڑوایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ "مکافاتِ عمل” ہے، جبکہ حکومتی ارکان بھی عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر ایوان میں آئے ہیں۔ رانا تنویر کے ریمارکس پر اپوزیشن ارکان نے سخت ردعمل دیا جس سے ایوان کا ماحول مزید کشیدہ ہوگیا۔بعد ازاں رانا تنویر حسین نے اپنے الفاظ پر تحریک انصاف کے ارکان سے معذرت کرلی، جسے چیئرمین پی ٹی آئی نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ معذرت کو تسلیم کرتے ہیں۔

دوسری جانب اجلاس کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور اپوزیشن ارکان کے درمیان بھی تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر ایوان میں بحث جاری ہے تو شور شرابے کا آغاز اپوزیشن نے کیا، اور اگر حکومتی رکن کی تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی کی جائے گی تو حکومت بھی جواب دے گی۔وزیر مملکت کے ریمارکس کے بعد ایوان میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی عامر مگسی نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ حد سے بڑھ رہا ہے اور اسے فوری طور پر روکا جائے۔ایوان میں ہنگامہ آرائی اور شور شرابے کے باعث اپوزیشن رکن زین قریشی اپنا خطاب مکمل نہ کر سکے، جبکہ اسپیکر نے بارہا ارکان کو تحمل اور پارلیمانی آداب کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی۔

More posts