پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما، رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے پارلیمنٹ ہاؤس میں بختاور کیڈٹ کالج فار گرلز کی باصلاحیت کیڈٹس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان طالبات کا پارلیمنٹ کا دورہ مستقبل کی خواتین قیادت کی تربیت میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سحر کامران نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ بختاور کیڈٹ کالج فار گرلز، جو شہید بینظیر آباد سندھ میں قائم پاکستان کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج ہے، خواتین کی تعلیم، نظم و ضبط اور قیادت کے فروغ کے لیے ایک تاریخی ادارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ادارے کا نام سندھ کی کسان تحریکوں کی پہلی خاتون شہید مائی بختاور لاشاری شہید کے نام پر رکھا گیا، جنہوں نے 1947 میں ظلم کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔سحر کامران کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے قائم کیا گیا یہ ادارہ خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک انقلابی اقدام ہے، جس پر پارٹی قیادت خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم، کردار سازی اور قائدانہ صلاحیتوں سے آراستہ یہ طالبات پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔
