Baaghi TV

اٹلی سے بازیاب 7 نایاب پاکستانی نوادرات وطن واپس پہنچ گئے

اٹلی سے بازیاب 7 نایاب پاکستانی نوادرات وطن واپس پہنچ گئے، جنہیں پاکستان کے قونصل خانے میلان کے ذریعے محفوظ طریقے سے پاکستان منتقل کیا گیا۔

روم میں پاکستانی سفارتخانے کے مطابق یہ تاریخی نوادرات اپریل 2025 میں پاکستان کے قونصل خانے میلان کے سپرد کیے گئے تھے، جنہیں اب باقاعدہ طور پر وطن واپس لایا گیا ہے۔ سفارتخانے کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور قومی تاریخی اثاثوں کی بازیابی کی کوششوں کا اہم حصہ ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق اٹلی اس سے قبل بھی پاکستان کے تاریخی ورثے کی واپسی میں تعاون کر چکا ہے۔ اکتوبر 2025 میں اٹلی نے 90 پاکستانی تاریخی نوادرات پاکستان کے حوالے کیے تھے، جنہیں 2007 میں اٹلی کے کارابینیری ادارے نے ضبط کیا تھا۔

اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان آثارِ قدیمہ کی تحقیق، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تاریخی ورثے کے تحفظ اور غیر قانونی طور پر منتقل کیے جانے والے نوادرات کی بازیابی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق تاریخی نوادرات کی واپسی نہ صرف پاکستان کے ثقافتی ورثے کے تحفظ میں معاون ثابت ہوگی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ثقافتی تعاون کے فروغ کی بھی عکاسی کرتی ہے

More posts