اسلام آباد: قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تاریخی معاہدے میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور امن کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی خوشگوار گفتگو میں امیرِ قطر نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی امن کوششوں کے لیے قطر کی مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امن معاہدے کی کامیابی میں قطر کی مسلسل حمایت انتہائی اہم رہی۔ انہوں نے اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک سفارتی اور اسٹریٹجک کوششوں کا بھی ذکر کیا، جن کی کاوشوں سے مذاکراتی عمل کو کامیابی ملی۔
دونوں رہنماؤں نے سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ہونے والے تکنیکی مذاکرات کے پہلے دور پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ مذاکراتی عمل کی مثبت رفتار برقرار رہنی چاہیے تاکہ مستقل اور کامیاب نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں سے محفوظ رکھنا ضروری ہوگا۔
گفتگو کے دوران امیرِ قطر نے راس لفان انڈسٹریل سٹی کی برزان گیس تنصیب میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے میں ایک پاکستانی شہری کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے اظہارِ ہمدردی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے قطر میں مقیم تین لاکھ سے زائد پاکستانیوں کی میزبانی اور ان کی فلاح کے لیے قطری حکومت کے اقدامات کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال دوحہ کے اپنے دوروں کو یاد کرتے ہوئے امیرِ قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ جواب میں شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے رواں سال پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی تاکہ دوطرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر مزید بات چیت کی جا سکے۔
دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں قریبی رابطوں اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
امیرِ قطر کا وزیراعظم شہباز شریف کو فون، پاکستان کی سفارتی کامیابی کو سراہا
