اسلام آباد: تشدد کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر میں تشدد کا شکار افراد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ہر قسم کے تشدد، غیر انسانی اور توہین آمیز سلوک کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تشدد کسی بھی مہذب معاشرے میں ناقابل قبول ہے اور یہ انسانی وقار، بنیادی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام بھی انسانی جان، عزت اور وقار کے تحفظ پر زور دیتا ہے، اسی لیے پاکستان تشدد کے خاتمے اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریوں پر کاربند ہے۔
انہوں نے کہا کہ تشدد کا شکار افراد کو بہترین طبی، نفسیاتی، قانونی اور سماجی معاونت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، جبکہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کا احتساب بھی ناگزیر ہے۔ وزیراعظم کے مطابق حکومت متعلقہ قوانین پر مؤثر عمل درآمد، قانونی اصلاحات اور ادارہ جاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
شہباز شریف نے فلسطین اور بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں علاقوں میں شہری ریاستی جبر، تشدد، غیر قانونی گرفتاریوں، جبری گمشدگیوں اور بنیادی حقوق کی پامالی کا سامنا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ ایسے واقعات کا نوٹس لیں، ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنائیں اور تشدد کے متاثرین کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، جو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حق ہے۔
تشدد کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی، وزیراعظم کا پیغام
