Baaghi TV

بلوچستان میں کامیاب آپریشنز ،صدر مملکت،وزیراعظم و دیگر کا سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین

asif zardari shehbaz and naqvi

صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم شہباز شریف،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےبلوچستان میں کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے

وزیراعظم نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز نے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک جاری رہیں گی اور پاکستان سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاست کی جدوجہد بلا تعطل جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم اس جنگ میں اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے امن کے دشمنوں کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست دی جائے گی اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

صدرِ مملکت نے بھی خاران اور مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مستونگ اور خاران میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنا فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہادر اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور قوم کو اپنی سکیورٹی فورسز کی جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں اسی جذبے کے ساتھ جاری رہیں گی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی خاران اور مستونگ میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم غیر متزلزل ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سکیورٹی فورسز کی دو کامیاب کارروائیوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن اور عوام کے تحفظ کے لیے پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کے جوان ہر محاذ پر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔حکومتی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے ریاستی اداروں کی کوششوں میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔

More posts