Baaghi TV

ایڈنبرا میں بیوی پر قاتلانہ حملہ، شوہر نے عدالت میں جرم قبول کر لیا

برطانیہ کے شہر ایڈنبرا میں علیحدگی اختیار کرنے والی بیوی پر چاقو سے قاتلانہ حملہ کرنے والے شخص نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔
‎26 سالہ اوسارینکھو اٹیوٹی نے 11 نومبر 2025 کو ایڈنبرا کے علاقے لیتھ کی ڈیوک اسٹریٹ پر اپنی اہلیہ وکٹری اٹیوٹی پر اس وقت حملہ کیا جب وہ اپنی کمسن بیٹی کو بے بی بگی میں بٹھا کر ڈاکٹر کے پاس جا رہی تھیں۔
‎عدالتی کارروائی کے مطابق ملزم نے خاتون پر سر اور جسم کے مختلف حصوں پر بار بار چاقو سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں انہیں مجموعی طور پر 12 شدید زخم آئے۔ حملے کے باعث ان کے چہرے پر مستقل نشانات پڑ گئے جبکہ ان کا ایک پھیپھڑا بھی متاثر ہوا۔
‎ایڈنبرا کی ہائی کورٹ کو بتایا گیا کہ حملہ اس وقت رکا جب تین راہگیروں نے فوری مداخلت کرتے ہوئے خاتون کو بچایا اور ملزم کو قابو کر لیا، جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
‎عدالت میں سماعت کے دوران ملزم نے اقدامِ قتل کے الزام کا اعتراف کر لیا۔ استغاثہ کے مطابق حملے کے دوران وہ خاتون کو مسلسل دھمکیاں دیتا رہا، انہیں اپنے ساتھ چلنے کا حکم دیا، زمین پر گرا کر ان کا سر پکڑا اور بار بار چاقو کے وار کیے، جس سے ان کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا۔
‎سماعت کے دوران جج لارڈ کیوبی نے ملزم سے کہا کہ یہ نہایت سنگین جرم ہے، جس کے متاثرہ خاتون کی زندگی پر دیرپا اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاتون کو شدید جسمانی چوٹیں آئیں، چہرے پر مستقل داغ رہ گئے اور وہ گہرے ذہنی صدمے سے بھی دوچار ہوئیں۔
‎عدالت کی جانب سے ملزم کو بعد کی سماعت میں سزا سنائی جائے گی۔

More posts