بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 11 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 ستمبر کو خاران اور واشک میں بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کارروائیاں کی گئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق 6 ستمبر کو دہشتگردوں نے خاران میں سڑک بلاک کرکے ٹریفک کی روانی متاثر کرنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو گھیرے میں لے لیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد مارے گئے۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 7 ستمبر کو واشک کے علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک اور آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی پناہ گاہ کو مؤثر انداز میں تباہ کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں مزید 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو دیسی ساختہ بم بنانے میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے اور علاقے میں امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
