امریکا میں 1990 کی دہائی کے معروف "لانگ آئی لینڈ لولیٹا” کیس سے شہرت پانے والی ایمی فشر کے بیٹے بریٹ انتھونی بیلیرا پر اپنے پالتو بلی کو نہایت سفاکانہ انداز میں ہلاک کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ امریکی ریاست فلوریڈا کے براورڈ کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق 25 سالہ بریٹ اور اس کی 36 سالہ گرل فرینڈ جینیفر آرمنٹی کے خلاف جانوروں پر شدید ظلم کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ دسمبر 2024 میں فورٹ لاڈرڈیل میں پیش آیا، جہاں دونوں ملزمان اپنے پالتو بلی "ریپر” کے ساتھ ایک اپارٹمنٹ میں رہتے تھے۔ بلی مردہ حالت میں برآمد ہوئی اور ابتدائی تحقیقات کے بعد اس کی موت کو مشکوک قرار دیا گیا۔امریکن سوسائٹی فار دی پریونشن آف کروئلٹی ٹو اینیملز کی فرانزک رپورٹ کے مطابق بلی کی موت شدید حرارت کے باعث ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جانور کو ممکنہ طور پر مائیکروویو میں رکھا گیا، انتہائی گرم پانی میں ڈبویا گیا یا گرم بھاپ کے سامنے رکھا گیا، جس سے اسے شدید تکلیف پہنچی اور وہ ہلاک ہوگیا۔تحقیقات کے دوران حکام نے بتایا کہ بلی کی لاش بری طرح جھلسی ہوئی تھی، جبکہ اس کے جسم پر خون کے نشانات بھی موجود تھے۔
پولیس کے مطابق جینیفر آرمنٹی نے ابتدائی بیان میں دعویٰ کیا کہ اسے بلی کی لاش باتھ روم کے فرش پر ملی تھی اور اس کا خیال تھا کہ جانور نے صفائی میں استعمال ہونے والے کیمیکلز کھا لیے تھے۔تاہم جب جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والے اہلکار موقع پر پہنچے تو انہیں بلی کی لاش اپارٹمنٹ کے پچھلے حصے میں لانڈری باسکٹ کے اندر خون سے لت پت حالت میں ملی، جس کے بعد معاملہ مشکوک ہوگیا اور تفصیلی تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ایک قریبی دوست نے 15 دسمبر 2024 کو حکام کو بلی کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔ کئی ماہ تک جاری رہنے والی تحقیقات کے بعد جینیفر آرمنٹی کو گزشتہ ہفتے گرفتار کیا گیا، جبکہ بریٹ بیلیرا پر اسی ماہ باضابطہ فردِ جرم عائد کی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ بریٹ بیلیرا پہلے ہی دیگر مقدمات کے باعث جیل میں قید تھا۔ اس کے خلاف گزشتہ سات برسوں کے دوران ڈکیتی، منشیات اور دیگر جرائم کے متعدد مقدمات درج ہو چکے ہیں۔
ایمی فشر کون ہیں؟
بریٹ بیلیرا کی والدہ ایمی فشر 1992 میں صرف 17 برس کی عمر میں اس وقت عالمی شہ سرخیوں میں آئیں جب انہوں نے اپنے شادی شدہ عاشق جوئی بٹافوکو کی اہلیہ میری جو بٹافوکو کو گولی مار دی تھی۔ حملے میں میری جو زندہ تو بچ گئیں، تاہم ان کے چہرے کو مستقل مفلوجی کا سامنا کرنا پڑا۔ایمی فشر کو اس جرم میں سات سال قید کی سزا ہوئی تھی اور 1999 میں انہیں پیرول پر رہا کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے ریٹائرڈ نیویارک پولیس افسر لوئس بیلیرا سے شادی کی، تاہم دونوں بعد میں علیحدہ ہوگئے۔ایمی فشر نے 2017 میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ فلوریڈا میں ان کے بچوں کو ان کے ماضی کی وجہ سے شدید سماجی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ان کے مطابق دیگر والدین اپنے بچوں کو ان کے بچوں سے دوستی کرنے سے روکتے تھے، جبکہ ان کے بڑے بیٹے کے بارے میں اسکول کے ماہرِ نفسیات نے یہاں تک مشورہ دیا تھا کہ وہ اسکول چھوڑ کر متبادل تعلیمی سند حاصل کر لے۔
تازہ مقدمے کے بعد بریٹ بیلیرا اور اس کی گرل فرینڈ کو جانوروں پر مبینہ تشدد کے سنگین الزامات کا سامنا ہے، جبکہ عدالت میں مقدمے کی کارروائی جاری ہے۔ ملزمان پر لگائے گئے الزامات عدالت میں ثابت ہونا ابھی باقی ہیں اور حتمی فیصلہ عدالتی کارروائی کے بعد سامنے آئے گا،
