Baaghi TV


روس میں بلی کے ذریعے جیل میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

rossie


روس میں ایک غیر معمولی واقعہ اس وقت سامنے آیا جب جیل میں منشیات اسمگل کرنے کے لیے استعمال کی جانے والی ایک بلی کو سیکیورٹی اہلکاروں نے پکڑ لیا۔ حکام کے مطابق بلی کے جسم کے ساتھ مخصوص کپڑے کے بنے دو کالر نما پیکٹ بندھے ہوئے تھے، جن میں مبینہ طور پر منشیات اور دیگر ممنوعہ اشیا چھپائی گئی تھیں۔
روسی حکام کے مطابق یہ واقعہ 21 جولائی کو نزنی نووگوروڈ ریجن کی کریکشنل کالونی نمبر 17 کے قریب پیش آیا، جہاں جیل کے اہلکاروں نے مشتبہ نقل و حرکت دیکھ کر بلی کو قابو میں لیا۔ تلاشی کے دوران اس کے ساتھ بندھے پیکٹوں سے منشیات برآمد ہونے کے بعد انہیں قبضے میں لے لیا گیا۔
‎ابتدائی تحقیقات کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بلی کو اس مقصد کے لیے باقاعدہ تربیت دی گئی تھی یا پھر اسے خوراک کے ذریعے مخصوص راستے پر آنے جانے کا عادی بنایا گیا تھا تاکہ وہ بغیر شک کے جیل کے اندر ممنوعہ اشیا پہنچا سکے۔
‎واقعے کے بعد روسی حکام نے منشیات اسمگلنگ کی اس کوشش کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان افراد کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں جنہوں نے بلی کو استعمال کرتے ہوئے جیل کے اندر منشیات پہنچانے کی منصوبہ بندی کی۔
‎حکام کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی اسمگلنگ کے واقعات دنیا کے مختلف ممالک میں پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں، جہاں جیلوں میں موبائل فون، منشیات اور دیگر ممنوعہ اشیا پہنچانے کے لیے جانوروں کو استعمال کیا گیا۔ تاہم روس میں پیش آنے والے اس تازہ واقعے نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی ہے اور صارفین اس پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔

More posts