قصور واسا کی غفلت، سرکاری ٹیوب ویل بند، شہر میں پانی کا شدید بحران
قصور شہر میں واسا کی مسلسل غفلت اور ناقص کارکردگی کے باعث پانی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ سرکاری ٹیوب ویل بند ہونے سے شہر کے متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل ہے، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
پانی کی قلت نے نہ صرف گھریلو زندگی کو متاثر کیا ہے بلکہ مساجد میں بھی وضو کے لیے پانی دستیاب نہیں رہا۔ سخت گرمی کے موسم میں پینے اور روزمرہ استعمال کے پانی کی عدم دستیابی نے خواتین، بچوں اور بزرگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات درج کرانے کے باوجود واسا انتظامیہ نے صورتحال بہتر بنانے کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ واسا کی نااہلی اور عدم توجہی کے باعث شہری بنیادی سہولت سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بند سرکاری ٹیوب ویلوں کی بجلی فوری طور پر بحال کی جائے تاکہ پانی کی فراہمی دوبارہ شروع ہو سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ مساجد میں وضو کے لیے پانی نہ ہونا انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قصور اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واسا کی کارکردگی کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے اور شہر میں پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔