Baaghi TV

‎جعلی سفری مہروں کے شبہے پر کراچی ایئرپورٹ پر مسافر آف لوڈ

‎کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے امیگریشن کلیئرنس کے دوران ایک مسافر کو مشکوک سفری دستاویزات کی بنیاد پر آف لوڈ کر دیا۔
‎ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق آف لوڈ کیے جانے والے مسافر کی شناخت کمیل عباس کے نام سے ہوئی ہے۔ معمول کی امیگریشن جانچ کے دوران اس کے پاسپورٹ پر موجود بعض سفری مہروں کو مشتبہ قرار دیا گیا، جس پر مزید تفصیلی تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
‎ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی جانچ میں پاسپورٹ پر لگی مہروں کے جعلی ہونے کا شبہ ظاہر ہوا، جس کے بعد ان کی تصدیق انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم (IBMS) کے ذریعے کی گئی۔ سسٹم میں متعلقہ آمد و روانگی کا کوئی ریکارڈ موجود نہ ہونے کے باعث یہ شبہ مزید مضبوط ہو گیا کہ پاسپورٹ پر موجود مہریں غیر قانونی یا جعلی ہو سکتی ہیں۔
‎ایف آئی اے حکام کے مطابق مسافر کو مزید تفتیش کے لیے روک لیا گیا ہے جبکہ اس کے سفری ریکارڈ اور دستاویزات کی مکمل چھان بین جاری ہے۔ تحقیقات کے بعد قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
‎حکام کا کہنا ہے کہ امیگریشن نظام کو محفوظ بنانے اور جعلی سفری دستاویزات کے استعمال کی روک تھام کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام سے ہر مشتبہ ریکارڈ کی تصدیق کی جاتی ہے تاکہ غیر قانونی سفری سرگرمیوں کا بروقت سدباب کیا جا سکے۔

More posts