پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آج سے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے چوتھے اسپیل کی پیشگوئی کی،ہےیہ سلسلہ 5 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔
لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، قصور، شیخوپورہ، سرگودھا، ساہیوال، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور دیگر اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ بالائی کیچمنٹ ایریاز میں بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر میلہ نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش نہ رکھیں، آسمانی بجلی اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
