Baaghi TV

‎بلاول بھٹو کا ن لیگ پر دھاندلی کا الزام، آزاد کشمیر میں شفاف تحقیقات کا مطالبہ

‎پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) پر انتخابی دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 2 اگست کو ہونے والے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کا ساتھ دیں۔
‎کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گزشتہ تین نسلوں سے کشمیری عوام کے حقوق کی آواز بلند کرتی آ رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی نے ہمیشہ عوامی حمایت کی بنیاد پر کامیابیاں حاصل کیں، تاہم ہر دور میں انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوششیں بھی کی جاتی رہی ہیں۔
‎بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابی عمل کے دوران پیش آنے والے واقعات پر سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں۔ ان کے مطابق پارٹی نے پولنگ اسٹیشنوں پر مبینہ قبضوں، انتخابی بے ضابطگیوں اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر حملوں سے متعلق شکایات متعلقہ اداروں کے سامنے پیش کی ہیں، جن کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔
‎انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ تمام شکایات کی شفاف اور آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ عوام کا انتخابی عمل پر اعتماد بحال ہو سکے۔ بلاول نے کہا کہ اگر عوام منصفانہ اور شفاف انتخاب میں کسی دوسری جماعت کو کامیاب کرتے ہیں تو پیپلز پارٹی اس فیصلے کو قبول کرے گی، لیکن مبینہ طور پر چھینے گئے مینڈیٹ کو ہرگز تسلیم نہیں کرے گی۔
‎پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے آزاد کشمیر میں جاری سیاسی کشیدگی کے حل کے لیے "ٹروتھ اینڈ ریکنسیلی ایشن کمیشن” یعنی سچائی اور مفاہمتی کمیشن کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا کمیشن تمام الزامات اور واقعات کا غیر جانبدارانہ جائزہ لے کر حقائق سامنے لا سکتا ہے، جس سے سیاسی استحکام اور عوامی اعتماد کی بحالی میں مدد ملے گی۔
‎انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری اصولوں، عوامی حقِ رائے دہی اور آئینی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اپنی سیاسی اور قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔

More posts