لاہور: پاکستانی اداکارہ عروبہ مرزا نے رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ سے منسوب مبینہ انسٹاگرام پیغامات کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سیاستدان نے ان سے بھی متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی۔
اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر مبینہ اسکرین شاٹس شیئر کیے، جن میں ثاقب چدھڑ کی جانب سے گفتگو شروع کرنے اور اسنیپ چیٹ پر بات چیت جاری رکھنے کی درخواستیں دکھائی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ عروبہ مرزا نے لکھا، "مومنہ اقبال، سیدہ طوبیٰ اور اب میں بھی۔”عروبہ مرزا کی یہ پوسٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ثاقب چدھڑ پہلے ہی ایک اور تنازع کے باعث خبروں میں ہیں۔ اس سے قبل ان پر اداکارہ اور میزبان سیدہ طوبیٰ کو بطور تحفہ آئی فون دینے کی پیشکش کرنے کا الزام بھی سامنے آ چکا ہے۔
دوسری جانب اداکارہ مومنہ اقبال بھی ثاقب چدھڑ کے خلاف قانونی کارروائی کر رہی ہیں۔ مومنہ اقبال کی درخواست کے مطابق انہوں نے رکنِ اسمبلی پر سائبر اسٹاکنگ، ہراسانی، بلیک میلنگ اور شادی کی پیشکش مسترد کیے جانے کے بعد دھمکیاں دینے جیسے الزامات عائد کیے ہیں۔یہ مقدمہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت درج کیا گیا ہے، جس کی تحقیقات نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کر رہی ہے۔
مومنہ اقبال متعدد مواقع پر کہہ چکی ہیں کہ وہ صرف انصاف چاہتی ہیں اور عدالت سے باہر کسی بھی سمجھوتے کی خبروں کی تردید کرتی ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ فرانزک شواہد نے تحقیقات کو مزید مضبوط کیا ہے، جبکہ مقدمہ تاحال عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔
