Baaghi TV


گاما ایشین ایم ایم اے چیمپئن شپ، پاکستان نے 2 طلائی تمغے جیت لیے

‎پاکستان کے نوجوان مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) فائٹرز نے گاما ایشین ایم ایم اے چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو طلائی تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کر دیا۔ قومی کھلاڑیوں نے مختلف ممالک کے مضبوط حریفوں کو شکست دے کر ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
‎چیمپئن شپ کے انڈر 16 ایج گروپ کی 54 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں پاکستان کے محمد جواد احمد نے قازقستان کے ژاریلکاسینوف میرمان کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ اپنی کیٹیگری میں ایشین چیمپئن بھی بن گئے۔ فائنل مقابلے میں محمد جواد نے بہترین تکنیک، اعتماد اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریف کو قابو میں رکھا اور فیصلہ کن فتح حاصل کی۔
‎اسی طرح انڈر 18 ایج گروپ کی 56 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں پاکستان کے محمد ثاقب نے تھائی لینڈ کے چانگپان واچارت کو شکست دے کر دوسرا طلائی تمغہ جیت لیا۔ محمد ثاقب نے پورے ایونٹ کے دوران شاندار فارم برقرار رکھی اور فائنل میں بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ایشین چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔
‎محمد ثاقب اس سے قبل بھی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر چکے ہیں۔ وہ 2024 کی گاما ورلڈ ایم ایم اے چیمپئن شپ میں بھی گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی فائٹر رہ چکے ہیں، جس کے باعث انہیں ملک کے نمایاں نوجوان مارشل آرٹس کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
‎گاما ایشین ایم ایم اے چیمپئن شپ میں ایشیا کے 16 ممالک سے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی، جہاں مختلف ویٹ کیٹیگریز میں سخت مقابلے دیکھنے کو ملے۔ پاکستانی فائٹرز نے بھرپور تیاری اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو طلائی تمغے جیت کر نمایاں کامیابی حاصل کی۔
‎پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر ذوالفقار علی نے دونوں کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور قومی ٹیم کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان فائٹرز نے اپنی محنت، لگن اور صلاحیتوں سے پاکستان کا پرچم پورے ایشیا میں بلند کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی مستقبل میں مزید نوجوان کھلاڑیوں کو مارشل آرٹس کی جانب راغب کرے گی اور پاکستان عالمی سطح پر بھی مزید اعزازات حاصل کرے گا۔

More posts