جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس میں اضافے کے خلاف کل ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے لاہور، کراچی، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں کی اہم شاہراہیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی ملک بھر میں 510 اہم مقامات پر احتجاج کرے گی، جس کے باعث بڑے شہروں میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے کا امکان ہے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ عوام پر بڑھتے ہوئے ٹیکسوں اور مہنگائی کے خلاف یہ احتجاجی تحریک شروع کی جا رہی ہے۔
لاہور میں شام چار بجے مختلف اہم شاہراہوں پر احتجاج کیا جائے گا۔ مرکزی احتجاج قرطبہ چوک مزنگ میں ہوگا، جبکہ فیروزپور روڈ، جیل روڈ، ملتان روڈ اور دیگر مرکزی سڑکوں پر بھی مظاہرے کیے جائیں گے۔ ان احتجاجی اجتماعات سے جماعت اسلامی کی مرکزی اور صوبائی قیادت خطاب کرے گی۔
اسلام آباد میں احتجاج 26 نمبر اسٹاپ پر کیا جائے گا، جبکہ کراچی میں شہر کی اہم شاہراہ، شاہراہِ فیصل، احتجاج کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسی طرح سوات موٹروے پر بھی احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو سڑکوں پر ہونے والے ان احتجاجی مظاہروں کو دھرنوں میں تبدیل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن لاہور میں منصورہ سے ملک بھر میں جاری احتجاجی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔ تاہم وہ کسی احتجاجی مقام پر خود شرکت کریں گے یا نہیں، اس بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
پٹرولیم لیوی ٹیکس کے خلاف جماعت اسلامی کا ملک گیر احتجاج، اہم شاہراہیں بند کرنے کا اعلان
