پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما ،رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔
سحر کامران نے اپنے بیان میں کہا کہ آج مکہ مکرمہ میں تاریخ رقم ہوئی ہے، سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت ایک ملک پر حملے کو تمام فریقین پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ یہ محض بیان بازی نہیں بلکہ اسلامی یکجہتی، تاریخی تعلقات اور مشترکہ تزویراتی مفادات کی بنیاد پر دفاعی تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے کا عملی اقدام ہے،معاہدہ اجتماعی دفاعی صلاحیت اور بازدار قوت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ تینوں ممالک کے درمیان عملی دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرے گا۔ یہ معاہدہ اس بات کا بھی واضح اشارہ ہے کہ خطے کی بڑی طاقتیں اپنے مستقبل کی سلامتی کے معاملات میں زیادہ خودمختار کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
سحر کامران نے کہا کہ پاکستان اپنے شراکت داروں کے ساتھ امن، استحکام اور خطے کو زیادہ خود انحصار بنانے کی کوشش پر فخر محسوس کرتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ شراکت داری دیرپا علاقائی سلامتی، استحکام اور باہمی اتحاد کی مضبوط بنیاد ثابت ہوگی
