Baaghi TV

لاہور اور کراچی کے بڑے ائیرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ

FIA

‎اسلام آباد میں نجکاری کمیشن بورڈ نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے عمل کو آگے بڑھانے سے متعلق اہم منظوری دے دی ہے۔ اجلاس کی صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کے چیئرمین محمد علی نے کی۔
‎نجکاری کمیشن کے اعلامیے کے مطابق بورڈ نے دونوں بڑے ائیرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مالیاتی مشیر کے انتخاب سے متعلق معاملات کی منظوری دی۔ مسابقتی انتخابی عمل کے بعد ای پرتھینون کنسورشیم کو دونوں ائیرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے لیے سرفہرست مالیاتی مشیر قرار دیا گیا ہے۔
‎اعلامیے کے مطابق کنسورشیم کے ساتھ مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک مذاکراتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ مالیاتی مشیر آؤٹ سورسنگ کے عمل، سرمایہ کاری اور دیگر تجارتی معاملات کی تیاری اور ساخت میں معاونت کرے گا۔
‎دوسری جانب نجکاری کمیشن بورڈ نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی، لیسکو، اور ملتان الیکٹرک پاور کمپنی، میپکو، کی نجکاری کے عمل کو بھی آگے بڑھانے کی منظوری دے دی۔ دونوں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کو بڑے مالیاتی لین دین کے زمرے میں شامل کرتے ہوئے ان کے لیے مالیاتی مشیر مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
‎نجکاری کمیشن کے قواعد کے تحت لیسکو اور میپکو کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیر کی تقرری ضروری ہوگی۔ منظوری کے بعد نجکاری کمیشن دونوں کمپنیوں کے لیے مالیاتی مشیر منتخب کرنے کا باقاعدہ عمل شروع کرے گا۔
‎لیسکو اور میپکو ان بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے چوتھے بیچ میں شامل ہیں جنہیں نجکاری کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جبکہ پہلے تین بیچوں میں شامل دیگر ڈسکوز کی نجکاری کا عمل پہلے ہی جاری ہے۔
‎نجکاری کمیشن بورڈ نے اجلاس میں حکومت کے نجکاری پروگرام کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ ان فیصلوں کو ملک کے بڑے سرکاری اداروں میں نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے اور انتظامی و مالیاتی امور میں بہتری لانے کی کوششوں کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

More posts