Baaghi TV

اسلام آباد ایئرپورٹ پر خاتون مسافر کے خلاف مقدمہ درج

‎اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن اور ایئرلائن عملے کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور مزاحمت کے معاملے پر خاتون مسافر رابعہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ ایف آئی اے امیگریشن حکام کی شکایت پر درج کیا گیا، جبکہ خاتون کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
‎پولیس اور ایف آئی آر کے مطابق خاتون مسافر متحدہ عرب امارات جانے والی ایک نجی ایئرلائن کی پرواز پر سفر کرنے والی تھیں۔ وہ فیملی وزٹ ویزے پر یو اے ای جا رہی تھیں، تاہم سفر سے قبل امیگریشن مرحلے پر ان کے سفری دستاویزات کی جانچ کی گئی۔
‎حکام کے مطابق خاتون کے پاس موجود کاغذی ویزے کی تصدیق کے لیے ایئرلائن سے او کے ٹو بورڈ کی ویریفکیشن درکار تھی۔ اس مقصد کے لیے ایئرلائن عملے نے خاتون کا بورڈنگ پاس عارضی طور پر اپنے پاس لے لیا تاکہ ویزے اور سفری دستاویزات کی ضروری تصدیق مکمل کی جا سکے۔
‎ایف آئی آر کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ویریفکیشن کے دوران خاتون مسافر نے امیگریشن عملے کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی کی اور کارروائی میں مزاحمت کی۔ مقدمے کے مطابق خاتون پر یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے عملے سے سفری دستاویزات اور پاسپورٹ چھیننے کی کوشش کی اور حکام کو مبینہ دھمکیاں دیں۔
‎ایف آئی آر کے مطابق واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کی جانب سے عدم تعاون اور مزاحمت کے باعث انہیں متعلقہ پرواز سے آف لوڈ کردیا گیا۔
‎بعد ازاں خاتون مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ تھانے منتقل کردیا گیا۔ حکام کے مطابق خاتون کے پاس موجود پاسپورٹ، موبائل فون، 17 ہزار روپے نقدی، ہینڈ بیگ اور ٹرالی بیگ تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔
‎واقعے سے متعلق مقدمے اور الزامات کی قانونی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حتمی حقائق تحقیقات اور عدالتی کارروائی کے بعد سامنے آئیں گے۔

More posts