Baaghi TV

منی پور میں پرتشدد واقعات جاری ،ضلع کانگ پوکپی میں 10 گھر اور چرچ نذرِآتش

شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں پرتشدد واقعات مسلسل جاری ہیں ۔ مسلح افراد نے ضلع کانگ پوکپی کے ایک گائوں میں 10 گھروں اور ایک گرجاگھر کو آگ لگا دی ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ ضلع میں چمفائی کے علاقے کے ٹوپکا ناگا میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کے بعد 10 گھروں کو نذرِآتش کر دیا۔ لائنگمائی ناگا کونسل نے گھروں کو نذرِآتش کئے جانے کے واقعے کی تصدیق کی ہے۔یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب کانگ پوکپی ضلع کئی ماہ سے جاری تشدد اور بدامنی کی لپیٹ میں ہے اور خراب سکیورٹی صورتحال اور نسلی اختلافات کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ لائنگمائی ناگا کونسل نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے گھروں اور عبادت گاہ کو دانستہ طورپر نشانہ بنایا گیا ، جو ایک سنگین اور انتہائی قابلِ مذمت کارروائی ہے۔کونسل نے تشویش ظاہر کی کہ متاثرہ علاقے سے محض چند میٹر کے فاصلے پر بھارتی سکیورٹی اہلکار تعینات تھے ، تاہم اُنہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔کونسل نے علاقے میں تعینات بھارتی فورسز کی تیاری اور کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے ممکنہ غفلت اور فرائض کی انجام دہی میں ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا۔کونسل نے حملے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی ، قبائلی آبادیوں کے تحفظ کے لیے سکیورٹی اقدامات میں اِضافہ ، متاثرین کی بحالی ، معاوضے اور متاثرہ خاندانوں کو مناسب امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

More posts