Baaghi TV

گوادر میں یومِ آزادی کا جشن، پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا

گوادر میں یومِ آزادی کا جشن، خشکی کے ساتھ سمندر پر بھی قومی جذبے کا رنگ نمایاں رہا، بحیرہ عرب پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

گوادر کے مشرقی ساحل پر سیکڑوں ماہی گیروں نے قومی پرچموں سے سجی کشتیوں کے ساتھ شاندار ریلی نکالی، جس کے مہمانِ خصوصی سابق نگران وزیر میر نوید جان کلمتی تھے۔ کشتی ریلی فش ہاربر فشنگ جیٹی سے روانہ ہوئی، گوادر پورٹ سے ہوتی ہوئی پاک بحریہ کی اکرم جیٹی تک پہنچی۔کشتیوں پر سبز ہلالی پرچم لہراتے رہے، جبکہ بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں سمیت سیکڑوں ماہی گیر پاکستان زندہ باد اور تکبیر کے فلک شگاف نعرے بلند کرتے رہے۔یومِ آزادی کی اس منفرد تقریب میں ماہی گیروں نے سمندر کی لہروں پر قومی پرچم بلند کرکے وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔گوادر کے ماہی گیروں کا کہنا تھا کہ پاکستان ان کی پہچان اور فخر ہے، آزادی کا جشن اسی جوش و جذبے سے مناتے رہیں گے۔

کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قومی پرچم لہرایا اور قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ اور اکابرین کی عظیم جدوجہد کا ثمر ہے اور آج تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے اور دونوں ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردی کے خاتمے اور ریاستی رٹ برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات اور جائز سیاسی عمل کے دروازے کھلے ہیں، تاہم تشدد کا راستہ ترک کرنا ہوگا۔ انہوں نے شہدائے بلوچستان، پولیس، افواجِ پاکستان، ایف سی اور سویلین شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔

More posts