ڈیرہ غازی خان () وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام پر عملدرآمد بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد کی سخت اور واضح ہدایات کی روشنی میں شہر کو زیرو ویسٹ بنانے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی کی جانب سے صفائی آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے افسرانِ بالا کی نگرانی میں ورکرز روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی و ستھرائی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ ڈسٹرکٹ منیجر آپریشن محسن ریاض اور تحصیل منیجر ملک ندیم کی نگرانی میں خصوصی ڈیپ کلین آپریشن بھی جاری ہے۔ڈیپ کلین آپریشن کے دوران مرکزی شاہراہوں، مین بازاروں، گلیوں اور نالیوں کی صفائی، گھروں سے کوڑا کرکٹ کی ڈور ٹو ڈور کلیکشن، یونیورسٹیوں اور کالجز کے اطراف خصوصی صفائی، ہسپتالوں، پارکس، ریلوے اسٹیشن، شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور رہائشی کالونیوں میں صفائی کے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس کے علاوہ کنٹینرز کی صفائی، مشینی صفائی، مشینی دھلائی اور ٹی سی پی پوائنٹس کی خصوصی صفائی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ شہر کو ہر سطح پر صاف، ستھرا اور خوبصورت بنایا جا سکے۔
صفائی آپریشن کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس سے شہریوں میں ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام پر اعتماد مزید مضبوط ہو رہا ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر آپریشن ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ محسن ریاض اور کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں صفائی کے تمام تکنیکی اور عملی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع صفائی آپریشن جاری ہے۔ ہمارا مقصد صرف صفائی کرنا نہیں بلکہ ڈیرہ غازی خان کو حقیقی معنوں میں ’’ڈیرہ پھلا دا سہرا‘‘ بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ ایک عوام دوست پروگرام ہے جس کا مقصد شہریوں کو صاف، صحت مند اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔ عوام کی جانب سے پروگرام کے ساتھ بڑھتا ہوا تعاون اور اعتماد اس امر کا ثبوت ہے کہ ستھرا پنجاب ایک مؤثر اور مقبول عوامی پروگرام بن چکا ہے۔انتظامیہ اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیرہ غازی خان میں زیرو ویسٹ کے ہدف کے حصول تک صفائی آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
