Baaghi TV

امریکا سے معاہدہ قومی وقار اور ملکی مفاد کے تحت ہوا، مسعود پزشکیان

iran

‎ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ معاہدہ قومی وقار، ملکی مفادات اور رہبر معظم کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے طے پایا۔
‎اپنے بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ ایران نے دشمن کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے بلکہ ماہرین اور متعلقہ حکام کی مشاورت سے معاہدے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں سب سے زیادہ اہمیت ملک کے قومی مفادات کو دی گئی۔
‎مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کو موجودہ حالات میں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم عوامی اتحاد، قومی یکجہتی اور مزاحمت کے ذریعے مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مزید مضبوط بنانے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
‎ایرانی صدر نے اسرائیل پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی طاقتوں کی حمایت کے باعث خطے میں بدامنی پھیلانے کا سبب بن رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے موجودہ صورتحال کا مقابلہ اتحاد اور مضبوط حکمت عملی سے کرنا ضروری ہے۔
‎اس سے قبل صدر مسعود پزشکیان نے ایران کے رہبر اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای سے چند روز قبل ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات انتہائی مثبت رہی اور اس دوران ملک کو درپیش اہم مسائل، چیلنجز اور مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
‎ایرانی صدر کے مطابق انہوں نے اپنی سوچ اور پریشانیوں سے رہبر انقلاب کو آگاہ کیا، جنہوں نے ان کے مؤقف کو غور سے سنا۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات تقریباً سات سے آٹھ گھنٹے تک جاری رہی، جس میں مختلف اہم امور پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔

More posts