Baaghi TV

ملک میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی،اربن فلڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے 20 اگست کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 19 سے 21 اگست کے دوران بالائی و وسطی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ 20 اگست کو بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن اور شمال مشرقی پنجاب میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے،محکمہ موسمیات اور فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق 20 اگست کواسلام آباد اور کشمیر میں وسیع پیمانے پر بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔خیبرپختونخوا کے ایبٹ آباد، باجوڑ، بٹگرام، بونیر، ہری پور، دیر، ملاکنڈ، مانسہرہ، مردان، شانگلہ، صوابی، سوات اور طورغر میں بارش کا امکان ہے۔

گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، لاہور، نارووال، راولپنڈی، شیخوپورہ اور سیالکوٹ میں بھی بارش اور گرج چمک متوقع ہے، اٹک، چکوال، فیصل آباد، حافظ آباد، قصور، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بھی کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی کیچ منٹس میں وسیع پیمانے پر بارش متوقع ہے راوی اور چناب اور ان سے منسلک نالوں میں پانی کی سطح کم سے درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچ سکتی ہے۔ ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور دریائے کابل کے معاون ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے،راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گجرات میں شہری سیلاب کے خطرے کے باعث متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

محکمہ موسمیات کے پوٹھوہار ریجن کے خصوصی موسمی جائزے کے مطابق 18 سے 20 اگست کے دوران شدید بارش متوقع ہے، جبکہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارش کے دوران نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور غیر ضروری سفر سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو ممکنہ شہری سیلاب اور فلیش فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر ضروری انتظامات کرنے چاہئیں بارش کا یہ سلسلہ 20 اگست کے بعد بھی بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

More posts