چین میں ایک عدالت نے ملک کی بڑی رئیل اسٹیٹ ڈویلپر کمپنی چائنا ایور گرینڈ گروپ کے بانی ہوئی کا یان کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
شینزن کی عدالت نے ہوئی کا یان پر ایک ارب 31 کروڑ ڈالر جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ان کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ہوئی کا یان کسی زمانے میں ایشیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے اپریل 2026 میں فنڈز کے غلط استعمال، فنڈ ریزنگ فراڈ، عوام سے غیر قانونی طور پر رقوم وصول کرنے اور رشوت سمیت 8 الزامات میں اپنا جرم قبول کیا تھا۔چائنا ایور گرینڈ ایک وقت میں چین کی سب سے بڑی رئیل اسٹیٹ ڈویلپر کمپنی تھی، تاہم 2023 میں کمپنی دیوالیہ ہوگئی، جس کے باعث چینی معیشت اور مالیاتی مارکیٹس کو شدید دھچکا پہنچا۔ہوئی کا یان کو کمپنی کے دیوالیہ ہونے کے بعد چینی حکام نے حراست میں لے لیا تھا۔
عدالت نے کمپنی کے 5 اعلیٰ عہدیداروں کو بھی 6 سے 18 سال تک قید اور جرمانوں کی سزائیں سنائیں، جبکہ مجموعی طور پر کمپنی سے وابستہ 56 افراد کو مختلف سزائیں دی گئیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ کمپنی اور اس کے بانی کے اقدامات کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے، جس سے معیشت کو بھاری مالی نقصان پہنچا اور معاشرے کو بھی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
