محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری و نجی اسکولوں کیلئے نئے اوقات کار جاری کردیئے ہیں، جبکہ تمام اسکول 24 اگست 2026 سے معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔ نئے اوقات کار 24 اگست سے 15 اکتوبر 2026 تک نافذ العمل ہوں گے۔
محکمہ تعلیم کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سنگل شفٹ اسکول پیر سے جمعرات صبح 8 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک جاری رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز تدریسی عمل صبح 8 بجے سے دوپہر 12:45 بجے تک ہوگا۔
ڈبل شفٹ اسکولوں میں صبح کی شفٹ پیر سے جمعرات صبح 8 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک ہوگی، جبکہ جمعہ کے روز صبح کی شفٹ دوپہر 12 بجے ختم ہوگی۔
اسی طرح ڈبل شفٹ اسکولوں کی شام کی شفٹ پیر سے جمعرات دوپہر 1 بجے سے شام 5:30 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ جمعہ کے روز شام کی شفٹ دوپہر 2 بجے شروع ہوکر شام 5:30 بجے تک ہوگی۔
محکمہ تعلیم پنجاب نے تمام چیف ایگزیکٹو افسران اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ نئے اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
حکام کے مطابق نئے شیڈول کے تحت صوبے بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں 24 اگست سے تدریسی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہوجائیں گی۔
