Baaghi TV

نئے صوبوں کی باتیں کس امید پر کی جارہی ہیں؟ مولانا فضل الرحمان کی میڈیا ٹاک

اسلام آباد:سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے موجودہ سیاسی و ملکی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آگ لگی ہوئی ہے اور ایسے وقت میں نئے صوبوں کی باتیں سمجھ سے بالاتر ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آخر کب تک خاموش رہیں گے اور کب تک مصلحت کا شکار رہیں گے؟ حکومت کی جانب سے جو بیانیہ بنایا جا رہا ہے وہ درست نہیں، ملک کے حالات بہتر نہیں ہیں اور اسی وجہ سے معیشت بھی متاثر ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں صوبوں کی تقسیم کی باتیں سمجھ نہیں آرہیں، سوال یہ ہے کہ نئے صوبوں کی باتیں کس امید پر کی جارہی ہیں؟ ملک میں آگ لگی ہوئی ہے اور حکمران گھر تقسیم کرنے کی بات کررہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ قوم کے سامنے حقائق رکھے جائیں گے اور عوام کو ملک کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے اندر مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور حکومت کے اقدامات کا مؤثر انداز میں جواب دیا جائے گا۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے دعویٰ کیا کہ دو صوبوں میں حکومت کی کوئی رٹ نظر نہیں آتی اور صرف تسلیاں دی جارہی ہیں۔ ان کے بقول حکومت کی کوئی واضح پالیسی اور نمایاں کامیابی دکھائی نہیں دے رہی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کو مزید تقسیم کرنے کے بجائے قومی مسائل کے حل، سیاسی استحکام اور عوام کو درپیش مشکلات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

More posts