عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی ساورن کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کرتے ہوئے اسے Caa1 سے بڑھا کر B3 کردیا ہے۔
موڈیز کے مطابق پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری کی اہم وجوہات میں گورننس میں بہتری، زرمبادلہ کے ذخائر کا مضبوط ہونا اور مقامی قرض لینے کی لاگت میں کمی شامل ہیں۔ریٹنگ ایجنسی نے پاکستان میں مسلسل میکرو اکنامک استحکام کو بھی ریٹنگ بہتر ہونے کی اہم وجہ قرار دیا ہے۔موڈیز کا کہنا ہے کہ ان شعبوں میں بہتری سے پاکستان کی بیرونی پوزیشن مزید مستحکم ہونے کے ساتھ ساتھ مالیاتی اشاریوں میں بھی بہتری آئے گی۔واضح رہے کہ تقریباً 12 ماہ کے دوران موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں دو درجے بہتری کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کا اعتراف خوش آئند ہے۔ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور عالمی اداروں کی جانب سے ریٹنگ میں بہتری اس کا واضح ثبوت ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے اور بیرونی شعبے میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ حکومت کی مسلسل محنت اور اصلاحات کے نتیجے میں عالمی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے اصلاحات کا عمل مزید تیز کیا جائے گا۔ ہماری منزل پاکستان کو ایک مضبوط، خودکفیل اور پائیدار معیشت بنانا ہے۔
