Baaghi TV

ایرانی نجی ایئرلائن کی پرواز میں فنی خرابی، بڑے حادثے سے بچ گئی

Europe Airlines

ایران کی ایک نجی ایئرلائن کی پرواز فنی خرابی کے باعث بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرنے کے بعد طیارے کو ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا۔

ذرائع کے مطابق نجی ایئرلائن کی پرواز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 43 منٹ پر استنبول سے تہران کے لیے روانہ ہوئی۔ پرواز کے ابتدائی 15 منٹ کے دوران طیارہ 35 ہزار فٹ کی بلندی پر معمول کے مطابق پرواز کرتا رہا، تاہم اس کے بعد اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی اور طیارے کی بلندی کم ہونا شروع ہوگئی۔پائلٹ نے 12 بج کر 13 منٹ پر ریڈار پر طیارے میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا۔ ہنگامی صورتحال کے دوران طیارہ تیزی سے بلندی کھونے لگا اور ایک موقع پر 7 ہزار 815 فٹ کی بلندی پر ریڈار سے بھی غائب ہوگیا، تاہم تقریباً 5 منٹ بعد 5 ہزار 150 فٹ کی بلندی پر دوبارہ ریڈار پر نمودار ہوگیا۔

پائلٹ نے انقرہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کرکے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی، جس کے بعد طیارے کو 12 بج کر 29 منٹ پر انقرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔لینڈنگ کے فوری بعد حفاظتی اسکواڈ نے طیارے کو گھیرے میں لے لیا اور اسے ایئرپورٹ کے ایک محفوظ کونے میں منتقل کردیا۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے فنی خرابی کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

More posts