لاہور: لاہور ریلوے ٹریک پر ٹرین کے حادثات کا سلسلہ جاری ہے، تازہ واقعے میں لاہور سے راولپنڈی جانے والی ریل کار روانگی کے فوری بعد پٹڑی سے اتر گئی۔
ذرائع کے مطابق ریل کار لاہور اسٹیشن سے روانہ ہوئی ہی تھی کہ ٹریک سے اتر گئی، جس کے باعث ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر روانہ کردیں، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ ٹریک کی بحالی کا کام شروع کردیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ریلوے ٹریک کے جوڑ پر فش پلیٹ کے بجائے لکڑی کا ٹکڑا لگا کر عارضی طور پر جوڑ بنایا گیا تھا۔ لکڑی کا ٹکڑا ٹوٹنے کے باعث ریل کار لاہور سے روانہ ہوتے ہی ڈی ریل ہوگئی۔ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کی بحالی کے لیے کام جاری ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کے حادثات اور فنی خرابیوں کے واقعات پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ ٹریک کی مرمت اور دیکھ بھال میں مبینہ غفلت مسافروں کی زندگیوں کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔
