Baaghi TV

ہاکی ورلڈ کپ 2026: جرمنی نے اسپین کو ہرا کر چوتھی بار عالمی ٹائٹل جیت لیا

جرمنی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسپین کو 0-1 سے شکست دے کر ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اس کامیابی کے ساتھ جرمنی نے پاکستان کا چار مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔

بیلجیم کے شہر واورے میں واقع بیلفیئس ہاکی ایرینا میں کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول جرمنی کے مشیل اسٹروتھوف نے تیسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں کیا، جس کے بعد جرمنی نے اپنی برتری برقرار رکھی۔

اسپین نے میچ کے دوران طویل وقت تک گیند پر زیادہ قبضہ رکھا اور جرمن گول پر کئی حملے بھی کیے، تاہم جرمنی کے مضبوط دفاع نے اسپین کے تمام عزائم ناکام بنا دیے۔

میچ کے آخری مرحلے میں اسپین نے اسکور برابر کرنے کے لیے جارحانہ کھیل اختیار کیا اور آخری چار منٹ سے بھی کم وقت باقی رہنے پر گول کیپر کو میدان سے باہر بلا کر ایک اضافی فیلڈ کھلاڑی کے ساتھ حملہ کیا، لیکن جرمن دفاع میں شگاف نہ ڈال سکا۔

جرمنی نے 0-1 کی برتری برقرار رکھتے ہوئے مسلسل دوسری بار عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا اور ہاکی ورلڈ کپ میں اپنا مجموعی چوتھا ٹائٹل جیت لیا۔

دوسری جانب تیسری پوزیشن کے میچ میں ارجنٹینا نے نیدرلینڈز کو 1-2 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

More posts