Baaghi TV

فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی، اسلام آباد میں 5 عمارتیں سیل

اسلام آباد میں پمز اسپتال کی نرسری میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت کے المناک سانحے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں فائر سیفٹی کے انتظامات کی جانچ پڑتال کا عمل مزید سخت کردیا گیا ہے۔ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 5 عمارتوں کو سیل کردیا۔
ذرائع کے مطابق سیل کی گئی عمارتوں میں شہید ملت سیکرٹریٹ، اسٹیٹ لائف بلڈنگ اور ٹی ڈی اے پی بلڈنگ بھی شامل ہیں۔ سی ڈی اے کی ٹیمیں اسلام آباد میں سرکاری و دیگر اہم عمارتوں کے فائر سیفٹی انتظامات کا مسلسل معائنہ کر رہی ہیں۔
معائنے کے دوران فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی سامنے آنے پر کیپیٹل ہسپتال، پولی کلینک اور پمز اسپتال پر بھی 5،5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
سی ڈی اے حکام کی جانب سے عمارتوں میں فائر فائٹنگ آلات کی دستیابی، فائر الارم اور دیگر حفاظتی نظام، ہنگامی اخراج کے راستوں اور ایمرجنسی کی صورت میں عمارت خالی کرانے کے انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
متعلقہ عمارتوں کی انتظامیہ اور مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ فائر سیفٹی سے متعلق تمام ضروری اقدامات فوری طور پر مکمل کیے جائیں۔ سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ حفاظتی قوانین پر عمل درآمد نہ کرنے والی عمارتوں کے ذمہ داروں کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
فائر سیفٹی کی جانچ کا دائرہ پمز سانحے کے بعد وسیع کیا گیا ہے۔ 26 اگست کو پمز کے زچہ و بچہ مرکز کی تیسری منزل پر قائم نرسری میں آگ لگنے سے 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے تھے، جبکہ صرف ایک بچے کو زندہ بچایا جاسکا تھا۔
سانحے کے بعد فائر الارم، اسپرنکلر سسٹم اور دیگر حفاظتی انتظامات کی موجودگی اور کارکردگی پر بھی سوالات اٹھے۔ حکومت نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا بھی آغاز کیا ہے۔

More posts