کراچی سے پشاور جانے والی مسافر ٹرین خیبر میل ٹیکسلا بائی پاس کے قریب پٹری سے اتر گئی، تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں تمام مسافر مکمل طور پر محفوظ رہے۔
ریلوے حکام کے مطابق، کراچی سے روانہ ہونے والی خیبر میل جب ٹیکسلا بائی پاس کے نزدیک پہنچی تو اس کی بوگیاں اچانک پٹری سے نیچے اتر گئیں، حادثے کے فوراً بعد ریلوے انتظامیہ، مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان یا کوئی شدید زخمی نہیں ہوا، اور تمام مسافروں کو بحفاظت ٹرین سے نکال لیا گیا ہے ریلوے کے تکنیکی عملے نے متاثرہ ٹریک کو بحال کرنے اور ٹرین کی بوگیوں کو ہٹانے کے لیے کام شروع کر دیا ہے تاکہ پشاور اور راولپنڈی کے مابین معطل ہونے والی ریلوے ٹریفک کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔
ریلوے انتظامیہ کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
