Baaghi TV

مکہ دفاعی معاہدہ ، سٹریٹیجک کمیٹی کے اجلاس میں سعودی عرب میں مستقل سیکرٹریٹ قائم کرنے کا فیصلہ

استنبول میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اسٹریٹجک کمیٹی کے پہلے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں سعودی عرب میں مستقل سیکرٹریٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق مستقل سیکرٹریٹ ابتدائی طور پر 3 سال کے لیے پاکستانی سیکرٹری جنرل کی سربراہی میں کام کرے گا۔ تینوں ممالک نے مشترکہ سرگرمیوں کے ذریعے دفاعی صنعتی تعاون کو فروغ دینے، مشترکہ ٹیکنالوجی تیار کرنے، دفاعی صلاحیتیں بڑھانے اور مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے سیاسی و دفاعی رہنماؤں نے عالمی سلامتی کی صورتحال اور خطے کے امن و استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر شریک ہوئے، جبکہ سعودی وفد کی نمائندگی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کی۔ ترکیہ کی جانب سے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور اعلیٰ فوجی حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں دفاعی صنعت میں مشترکہ پیداوار، جدید ٹیکنالوجی اور تینوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر بھی غور کیا گیا۔ شرکا نے مکہ معاہدے کے فریم ورک کے تحت علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے اور دفاعی تعاون کو مزید ادارہ جاتی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ اتحاد کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں بلکہ بین الاقوامی قانون اور امن کے وژن کی بنیاد پر قائم کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق برادر ممالک کے لیے اتحاد میں شامل ہونے کے دروازے کھلے ہیں اور سرکاری نام ’مکہ دفاعی معاہدہ‘ رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

حاقان فیدان نے کہا کہ تینوں ممالک ایسا مضبوط اتحاد قائم کرنا چاہتے ہیں جو علاقائی مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کرسکے۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اجلاس کے موقع پر ترک وزیر دفاع یاشار گولر نے پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف سے بھی ملاقات کی، جس میں ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بائرکتار اوغلو سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔ ملاقات میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر 7 اگست کو دستخط کیے گئے تھے، جس کے تحت تینوں ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

More posts