ترکیہ کے دورے کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے استنبول میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان، ترک وزیر دفاع اور ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور متعلقہ ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے دفاعی شعبے میں تعاون مزید بڑھانے اور باہمی رابطوں کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک، پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی، جس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک روابط اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف طریقوں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ علاقائی امن و استحکام اور بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترک اور سعودی قیادت سے ہونے والی اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک و دفاعی تعاون کی عکاسی کرتی ہیں۔
