Baaghi TV

اس جرم پر بھی پردہ ڈال دیا جائےگا،راہل گاندھی کا چلتی بس زیادتی کیس پر ردعمل

india

نئی دہلی: بھارت میں اپوزیشن کے رہنما اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے دہلی،این سی آر میں چلتی سلیپر بس میں 16 سالہ لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے۔

راہل گاندھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ دہلی-این سی آر خواتین کے لیے اس قدر غیر محفوظ ہو چکا ہے کہ گریٹر نوئیڈا سے دہلی تک 47 کلومیٹر کے سفر کے دوران ایک نابالغ لڑکی کو سلیپر بس میں مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ حیرت کی بات ہے کہ دہلی یا نوئیڈا پولیس کو اس واقعے کی کوئی اطلاع کیوں نہ ہو سکی، جبکہ بس گریٹر نوئیڈا ایکسپریس وے، دہلی کے رنگ روڈ اور مختلف بارڈرز سے گزرتی رہی، لیکن اسے کسی بھی چیک پوسٹ پر نہیں روکا گیا۔کانگریس رہنما کے مطابق سلیپر بس میں سیٹوں کے گرد پردے لگے ہوئے تھے، جن کی وجہ سے اندر ہونے والے واقعات باہر سے دکھائی نہیں دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں جرائم پیشہ عناصر میں انتظامیہ کا خوف ختم ہونا تشویش ناک ہے،راہل گاندھی نے مزید کہا کہ نربھیا واقعے کو کئی سال گزرنے اور خواتین کے خلاف متعدد واقعات سامنے آنے کے باوجود سلیپر بسوں کی نگرانی اور تلاشی سے متعلق قواعد پر مؤثر عمل درآمد کیوں نہیں کیا جا رہا؟انہوں نے الزام عائد کیا کہ بسوں میں لگے پردوں کے ساتھ ساتھ حکومت اور انتظامیہ کی ناکامیوں پر بھی برسوں سے پردے ڈالے جا رہے ہیں، جس کا نتیجہ یہ ہے کہ ملک کے دارالحکومت میں بھی خواتین محفوظ سفر کرنے سے محروم ہیں۔

اپوزیشن رہنما نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے جواب طلب کرتے ہوئے سوال کیا کہ آخر کتنی مزید خواتین اور بچیوں کے ساتھ ایسے واقعات پیش آنے کے بعد نظام کو درست کیا جائے گا؟راہل گاندھی نے دہلی پولیس اور اتر پردیش پولیس کی جوابدہی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو یہ خدشہ نہیں ہونا چاہیے کہ اس سنگین جرم پر بھی پردہ ڈال دیا جائے گا۔

More posts