اپر سوات میں 2 سے 5 ستمبر تک شدید گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق یکم سے 4 ستمبر کے دوران گلوف، اچانک سیلابی ریلوں اور ملبے کے بہاؤ کا خدشہ ہے، جبکہ شدید بارشوں کے باعث دریائے سوات اور اس کے معاون نالوں میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہوسکتی ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اہم شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بندش کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ممکنہ صورتحال کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں، مشینری اور متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر آبی گزرگاہوں سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ شہریوں کو دریا کے کنارے کیمپنگ سے بھی اجتناب کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال پر نظر رکھیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔
