Baaghi TV

امریکی سفارتخانے کا متحدہ عرب امارات میں شہریوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری

Security Alert: U.S. Embassy Abu Dhabi and U.S. Consulate General Dubai

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پیش نظر امریکی سفارتخانے ابوظہبی اور امریکی قونصل خانے دبئی نے متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی شہریوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کردیا۔

امریکی سفارتی حکام کے مطابق خطے میں سکیورٹی کی صورتحال پیچیدہ ہے اور غیر متوقع طور پر کشیدگی میں اضافے کا امکان موجود ہے۔ مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر معمولی احتیاط برتیں اور ممکنہ پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفری مشکلات کے لیے تیار رہیں۔امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پرواز کی روانگی کی صورتحال براہِ راست متعلقہ ایئرلائن سے معلوم کریں، جبکہ ابوظہبی اور دبئی کے ہوائی اڈوں سے متعلق تازہ معلومات بھی باقاعدگی سے چیک کریں۔الرٹ میں کہا گیا ہے کہ خطے سے آنے یا جانے والے امریکی شہری ہوائی اڈوں اور ایئرلائنز کی سرگرمیوں سے متعلق تازہ ترین معلومات پر نظر رکھیں۔

امریکی سفارتخانے کے مطابق مشرق وسطیٰ سے باہر بھی امریکی سفارتی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ ایران اور ایران کے حامی گروہ دنیا بھر میں امریکی مفادات، کاروباری اداروں اور امریکا سے وابستہ دیگر مقامات کو ممکنہ طور پر نشانہ بنا سکتے ہیں۔امریکی شہریوں کو مظاہروں اور بڑے اجتماعات سے مکمل طور پر دور رہنے، بھاری پولیس نفری والے علاقوں سے اجتناب کرنے، مقامی میڈیا کی نگرانی اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سفارتخانے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے موبائل فون چارج رکھیں، اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور امریکا سے عوامی طور پر منسلک مقامات پر خصوصی احتیاط برتیں۔ ممکنہ فضائی حملے کی صورت میں شیشے کے دروازوں، کھڑکیوں اور گرے ہوئے ملبے سے دور رہنے اور سرکاری ہدایات کے لیے فون اور نیوز ذرائع کی نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

امریکی حکام نے کہا ہے کہ پرواز متاثر ہونے کی صورت میں شہری تبدیلی یا منسوخی سے متعلق معلومات کے لیے براہِ راست اپنی ایئرلائن سے رابطہ کریں۔الرٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں امریکی شہری ہنگامی صورتحال میں 999 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ ابوظہبی میں امریکی سفارتخانے کا ہنگامی نمبر +971-2-414-2200 جبکہ دبئی میں امریکی قونصل خانے کا ہنگامی نمبر +971-4-309-4000 ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے قونصلر امور کے کال سینٹر سے بیرونِ ملک +1-202-501-4444 اور امریکا و کینیڈا سے +1-888-407-4747 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔امریکی سفارتخانے نے شہریوں کو Smart Traveler Enrollment Program (STEP) میں رجسٹریشن کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ انہیں سکیورٹی سے متعلق تازہ معلومات بروقت مل سکیں اور ہنگامی صورتحال میں سفارتخانہ ان سے آسانی سے رابطہ کرسکے۔دریں اثنا امریکی سفارتخانے نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں محدود نان امیگرنٹ ویزا اپائنٹمنٹس دستیاب ہیں، جبکہ تمام امیگرنٹ ویزا سروسز تاحال معطل ہیں۔

More posts