کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے مصطفیٰ عامر کے اغوا اور قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ عدالت کے فیصلے کے بعد ملزم کو کیس میں فوری طور پر ضمانت پر رہائی نہیں مل سکے گی۔
پولیس کے مطابق ارمغان کے خلاف مصطفیٰ عامر کے اغوا اور قتل کے مقدمے کے علاوہ دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات بھی درج ہیں۔ ملزم کی پولیس مقابلہ، اقدام قتل اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سے متعلق مقدمات میں بھی درخواست ضمانتیں مسترد ہوچکی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف درخشاں اور اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) تھانے میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ متعلقہ مقدمات میں پولیس کی جانب سے قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ عدالت میں ملزم کے خلاف مقدمات کی سماعت بھی قانون کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے۔
