ایسر نے سوئفٹ بلیڈ 14 کے نام سے نیا لیپ ٹاپ متعارف کرایا ہے، جسے کمپنی نے اب تک کا سب سے ہلکا 14 انچ لیپ ٹاپ قرار دیا ہے۔ اس کا وزن صرف 799 گرام ہے، جو ایک کلوگرام سے کم وزن رکھنے والے دیگر 14 انچ لیپ ٹاپس کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے۔
کمپنی کے مطابق سوئفٹ بلیڈ 14 کی ہلکی ساخت کے لیے الٹرا لائٹ کاربن فائبر اور میگنیشیم ایلومینیم الائے استعمال کیا گیا ہے، جبکہ ڈیزائن میں مضبوطی اور پائیداری کو بھی برقرار رکھا گیا ہے۔
لیپ ٹاپ میں انٹیل کور سیریز 3 کے نئے پروسیسرز دیے گئے ہیں، جن میں کور 3 304، کور 5 315، کور 5 320 اور کور 7 350 کے آپشنز شامل ہیں۔ یہ پروسیسرز 12 جی بی LPDDR5 ریم اور ایک ٹی بی تک SSD اسٹوریج کے ساتھ دستیاب ہوں گے۔
سوئفٹ بلیڈ 14 میں 3K OLED ڈسپلے کا آپشن بھی دیا گیا ہے، جو 100 فیصد DCI-P3 کلر کوریج اور 90 ہرٹز ریفریش ریٹ فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ 1200p OLED 60Hz اور IPS 1200p 60Hz ڈسپلے کے آپشنز بھی دستیاب ہوں گے۔
لیپ ٹاپ میں 50Wh بیٹری دی گئی ہے، جس کے بارے میں ایسر کا دعویٰ ہے کہ یہ تقریباً 20 گھنٹے تک کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ایسر نے سوئفٹ بلیڈ 14 کی قیمت کا اعلان نہیں کیا، تاہم مارکیٹ میں موجود اسی نوعیت کے نئے لیپ ٹاپس کی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے اس کے ٹاپ ماڈل کی قیمت تقریباً 1200 ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
