کوئٹہ: بلوچستان سے اندرونِ ملک جانے والی ٹرین سروس دو روز کیلئے معطل کردی گئی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی روانگی ریلوے ٹریک کی مرمت کے باعث منسوخ کردی گئی ہے۔ جعفر ایکسپریس 5 اور 6 ستمبر کو کوئٹہ سے پشاور کیلئے روانہ نہیں ہوگی۔حکام کا کہنا ہے کہ آج پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو بھی جیکب آباد تک محدود کردیا گیا ہے، جس کے باعث کوئٹہ آنے اور جانے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کی مرمت کا کام مکمل ہونے کے بعد ٹرین سروس معمول کے مطابق بحال کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ بلوچستان سے کراچی کیلئے بولان میل جبکہ چمن کیلئے چمن پسینجر ٹرین بھی گزشتہ 6، 6 ماہ سے بند ہیں، جس کے باعث مسافروں کو پہلے ہی سفری مشکلات کا سامنا ہے۔
