Baaghi TV

نان بائیوں کی من مانیاں،روٹی کا وزن 70 سے 80 گرام،قیمت 20 روپیہ

قصور میں 20 روپے کی روٹی، وزن 70 سے 80 گرام؛ شہریوں کا انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

تفصیلات کے مطابق قصور شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں، خصوصاً کوٹ مراد خان، شفیع والا چوک، رکن پورہ اور بسر پورہ میں روٹی کی قیمت اور وزن کے حوالے سے شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے

شہریوں کے مطابق مختلف تندوروں پر 20 روپے میں روٹی فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ اس کا وزن مبینہ طور پر صرف 70 سے 80 گرام ہے۔ دوسری جانب پنجاب میں سادہ روٹی کی سرکاری قیمت 14 روپے مقرر ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر سرکاری نرخ کے باوجود روٹی 20 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے اور وزن بھی مقررہ معیار سے کم ہے تو یہ صورتحال فوری توجہ کی متقاضی ہے۔ عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ پرائس کنٹرول اور وزن و پیمائش کی نگرانی کرنے والے متعلقہ افسران کہاں ہیں؟

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قصور، اسسٹنٹ کمشنر اور متعلقہ پرائس کنٹرول حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قصور شہر اور گردونواح کے تندوروں پر فوری اور اچانک چیکنگ کی جائے، روٹی کا وزن اور قیمت سرکاری نرخ نامے کے مطابق چیک کی جائے اور خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے

عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں روٹی عام آدمی کی بنیادی ضرورت ہے، اس لیے سرکاری نرخ اور مقررہ وزن پر عملدرآمد یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے

More posts