لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کے ڈسپلن اور رویے سے متعلق سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کا جائزہ لینے کے لیے انکوائری شروع کردی۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق معاملے کا جائزہ بورڈ کے قواعد و ضوابط کے تحت لیا جا رہا ہے، جبکہ انکوائری کے دوران تمام متعلقہ افراد کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ مختلف پلیٹ فارمز پر سامنے آنے والی قیاس آرائیوں کو قابلِ اعتبار نہ سمجھا جائے۔ پی سی بی غیر مصدقہ اطلاعات اور خبروں پر فی الحال مزید تبصرہ نہیں کرے گا۔
ذرائع کے مطابق لارڈز ٹیسٹ کے بعد بعض کھلاڑیوں کو واپس بھیجے جانے اور ڈسپلن کی مبینہ خلاف ورزی سے متعلق بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے موبائل فون رکھے جانے کے معاملے کو بھی انکوائری کا حصہ بنایا گیا ہے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے آنے پر قواعد و ضوابط کے تحت آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔
