Baaghi TV

ہنگری میں قبریں کھودنے کا منفرد مقابلہ، فاتح کو 640 ڈالرز کا انعام

ہنگری میں قبریں کھودنے کا ایک منفرد اور سنجیدہ مقابلہ منعقد ہوا، جس میں 38 افراد نے کدالیں اٹھا کر ایک دوسرے سے سب سے تیزی سے معیاری قبر تیار کرنے کا مقابلہ کیا۔

یورپی ملک ہنگری کے علاقے نیئرگیشوفالو کے ایک قبرستان میں ہونے والے اس مقابلے کا تصور بظاہر غیر معمولی ضرور ہے، تاہم منتظمین کے مطابق اس کا مقصد مذاق یا تفریح کے بجائے قبرستان سے متعلق پیشہ ورانہ مہارتوں کو اجاگر کرنا اور موت سے جڑے توہمات کی روک تھام کرنا تھا۔

مقابلے میں مجموعی طور پر 38 افراد نے حصہ لیا، جنہیں 19 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا اور ہر ٹیم میں 2 افراد شامل تھے۔ شرکا کو مقررہ پیمائش کے مطابق کم سے کم وقت میں قبر کی کھدائی مکمل کرکے اسے مناسب شکل میں تیار کرنا تھا۔

ہنگری کے قبرستانوں کی دیکھ بھال سے متعلق ایسوسی ایشن اور مقابلے کے منتظمین کے مطابق اس سرگرمی کا مقصد قبر کھودنے کے پیشے سے وابستہ افراد کو اپنی عملی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کرنا بھی تھا۔

مقابلے کے فاتح رابرٹ نیگی اور ان کے ساتھی لاسزلو کس نے بتایا کہ اس مقابلے میں قبر کی ظاہری خوبصورتی کے بجائے رفتار کو زیادہ اہمیت حاصل تھی، تاہم کھدائی کے دوران پیمائش اور ساخت کے معیار کا خیال رکھنا بھی ضروری تھا۔

فاتح ٹیم کا کہنا تھا کہ عام طور پر بھی کسی تدفین کے لیے قبر کھودتے وقت پیمائش کے حوالے سے انتہائی محتاط رہنا پڑتا ہے، جبکہ قبر کی ساخت کو بھی مناسب اور خوبصورت انداز میں تیار کرنا ضروری ہوتا ہے۔

فاتح ٹیم نے 1 گھنٹے 21 منٹ میں قبر کی کھدائی مکمل کرکے مقابلہ جیت لیا۔ تیار کی گئی قبر 1.6 میٹر گہری، 2 میٹر لمبی اور 0.8 میٹر چوڑی تھی۔

مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کو 640 ڈالرز انعام دیا گیا۔

More posts