Baaghi TV

ویمن ایشیا کپ، پاکستان نے ہانگ کانگ کوشکست دیکرسیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

دبئی: ویمن ایشیا کپ 2026 میں پاکستان ویمن ٹیم نے ہانگ کانگ کو 72 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔ ہانگ کانگ کی ٹیم 144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کرسکی اور 19 اوورز میں 71 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی کامیابی میں نَشرا سندھو کی شاندار باؤلنگ نے مرکزی کردار ادا کیا، جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 7 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بہترین باؤلنگ پر نَشرا سندھو کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے شوال ذوالفقار نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 47 رنز بنائے۔ انہوں نے 35 گیندوں کا سامنا کیا اور 6 چوکے لگائے۔ عائشہ ظفر نے 19 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ توبہ حسن نے 14 جبکہ نَشرا سندھو نے 3 رنز کا اضافہ کیا۔

144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی بیٹنگ لائن پاکستانی باؤلنگ کے سامنے مشکلات کا شکار رہی۔ کاری چان 30 رنز کے ساتھ ٹیم کی جانب سے سب سے نمایاں بیٹر رہیں، جبکہ یاسمین داسوانی نے 13 رنز بنائے۔

ہانگ کانگ کی دیگر بیٹرز پاکستانی باؤلرز کا زیادہ دیر سامنا نہ کرسکیں اور پوری ٹیم 19 اوورز میں 71 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ نَشرا سندھو کے علاوہ فاطمہ ثنا، سعدیہ اقبال اور اُمِ ہانی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم نے ایشیا کپ کے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت نے قومی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ہانگ کانگ کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

More posts