Baaghi TV

جاپان کا پاکستان کو سیلاب سے بچاؤ کیلئے 2.6 ارب ین گرانٹ دینے کا اعلان

جاپان نے سندھ میں دریائے سندھ کے حفاظتی بندوں کو مضبوط بنانے اور سیلاب سے بچاؤ کے منصوبے کے لیے پاکستان کو 2.6 ارب جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اسلام آباد میں گرانٹ سے متعلق دستاویزات پر جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی اور وزارتِ اقتصادی امور کے سیکریٹری محمد حمیر کریم نے دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ بعد ازاں منصوبے کے گرانٹ معاہدے پر جائیکا پاکستان کے سینئر نمائندے سوگاوارا تاکایوکی اور وزارتِ اقتصادی امور کی ایڈیشنل سیکریٹری صبیحہ قریشی نے دستخط کیے۔

منصوبے کے تحت سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں دریائے سندھ سے ملحقہ علاقوں کے حفاظتی بندوں کو مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ دریا کے کناروں کو کٹاؤ سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے جائیں گے۔

جاپان کے تعاون سے حفاظتی بندوں کی تعمیر اور مضبوطی کے لیے مضبوط کنکریٹ پر مبنی جدید طریقہ استعمال کیا جائے گا، جو پاکستان میں نسبتاً کم رائج ہے۔ جدید ڈیزائن اور تعمیراتی طریقہ کار کے ذریعے بندوں کے ٹوٹنے کے خطرے کو کم کرنے اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے کی توقع ہے۔

منصوبے کی تکمیل سے لاڑکانہ ریجن کے تقریباً 7 لاکھ 90 ہزار افراد کو سیلاب کے خطرات سے تحفظ ملنے کی توقع ہے، جبکہ سیلاب سے زیرِ آب آنے والے علاقوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والے معاشی نقصانات میں بھی کمی لائی جاسکے گی۔

جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے کہا کہ پاکستان کو 2022 میں اپنی تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ جاپان پاکستان کی بحالی اور تعمیرِ نو کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

جاپانی سفیر کے مطابق قدرتی آفات سے پہلے مؤثر حفاظتی اقدامات جاپان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد حفاظتی بندوں کے ٹوٹنے کے خطرے کو کم کرنا اور دریائے سندھ سے ملحقہ آبادیوں اور علاقوں کو تباہ کن سیلاب سے محفوظ بنانا ہے۔

جائیکا پاکستان کے سینئر نمائندے سوگاوارا تاکایوکی نے کہا کہ منصوبے کے تحت حفاظتی بندوں کو کنکریٹ سے مضبوط بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق اگرچہ اس طریقہ کار کی ابتدائی لاگت زیادہ ہے، تاہم یہ زیادہ پائیدار ہے اور طویل مدت میں اس کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبہ صرف مضبوط حفاظتی بند تعمیر کرنے تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد انسانی جانوں، روزگار اور مقامی آبادی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے زیادہ مضبوط اور سیلاب سے محفوظ سندھ کی بنیاد رکھنا ہے۔

منصوبے کی تکمیل سے دریائے سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات مزید مؤثر ہوں گے، مستقبل میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات اور معاشی خسارے میں کمی آئے گی جبکہ پاکستان میں پائیدار اور مؤثر سیلابی خطرات کے انتظام کو بھی فروغ ملے گا۔

More posts