ممبئی: معروف بھارتی اداکارہ سمانتھا روتھ پربھو نے کوئمبتور میں واقع ایشا یوگا سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اپنی زندگی میں گزشتہ پانچ برس کے دوران ہونے والی تبدیلیوں اور سیکھے گئے اسباق پر غور کیا۔
سمانتھا نے سوشل میڈیا پر اپنے دورے کی تصاویر شیئر کیں، جن میں انہیں مرکز کے احاطے میں چہل قدمی کرتے، بچھڑوں کے ساتھ وقت گزارتے، کھانا کھاتے اور مختلف رسومات میں شریک ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اداکارہ نے اس موقع پر لِنگا بھیرَوی مندر کا بھی دورہ کیا، جبکہ ایک تصویر میں وہ سادھ گرو کے ساتھ بھی موجود ہیں۔سمانتھا کے لیے لِنگا بھیرَوی مندر خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ دسمبر 2025 میں انہوں نے فلم ساز راج نڈیمورو کے ساتھ اسی ایشا یوگا سینٹر میں ایک نجی یوگک تقریب کے دوران شادی کی تھی۔اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں سمانتھا نے لکھا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے تجربات نے انہیں یہ سمجھایا ہے کہ انسان چاہے اپنی شخصیت، صلاحیتوں، کمزوریوں اور حدود کے بارے میں کتنا ہی کچھ جان لے، سیکھنے اور خود کو دریافت کرنے کا عمل کبھی ختم نہیں ہوتا۔اداکارہ نے لکھا کہ ایشا سینٹر کا ہر دورہ انہیں نئی امکانات اور زندگی کو ایک مختلف زاویے سے دیکھنے کا احساس دے کر جاتا ہے۔ ان کے بقول ہر مرتبہ وہ یہاں سے کچھ زیادہ امکانات اور مزید سیکھنے کے جذبے کے ساتھ واپس لوٹتی ہیں۔سمانتھا نے اپنے مداحوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگوں اور جگہوں کی تلاش جاری رکھیں جو انسان کو بہتر بننے، آگے بڑھنے اور خود کو مسلسل دریافت کرنے میں مدد دیں۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں پیغام دیا، "ایسے لوگوں کو تلاش کریں، ایسی جگہیں تلاش کریں اور خود کو بہتر بنانے کا عمل جاری رکھیں۔”
سمانتھا روتھ پربھو نے رواں سال جون میں اپنی حمل کی خبر کی تصدیق کی تھی۔ اس سے قبل ایک تقریب میں ان کے بیبی بمپ کے ساتھ نظر آنے کے بعد ان کی حاملہ ہونے کی خبریں گردش میں تھیں۔سمانتھا اور راج نڈیمورو ایک دوسرے کو پیشہ ورانہ طور پر پہلے سے جانتے تھے۔ دونوں نے 2021 میں ویب سیریز دی فیملی مین 2 میں ایک ساتھ کام کیا، جبکہ 2024 میں سِٹَیڈل ہنی بنی کے لیے دوبارہ اکٹھے ہوئے۔دسمبر 2025 میں دونوں نے کوئمبتور کے ایشا یوگا سینٹر میں یوگا اور روایتی رسومات پر مبنی نجی تقریب میں شادی کی تھی۔ اب مادریت کے نئے سفر کے آغاز سے قبل سمانتھا کا دوبارہ اسی مقام کا رخ مداحوں کی خصوصی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
