اسلام آباد: وزارت داخلہ نے مختلف ممالک کے لیے ویزا پالیسی اور مختلف ویزا کیٹیگریز سے متعلق خصوصی رپورٹ تیار کرلی ہے، جس میں بزنس، ٹورسٹ اور گرانٹ ویزا سمیت ان ممالک کی تفصیلات بھی شامل ہیں جن کے ساتھ پاکستان نے ویزا معاہدے ختم کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دنیا کے 69 ممالک پاکستان کی بزنس ویزا فہرست میں شامل ہیں، جن میں آسٹریلیا، بیلجیئم، برازیل، چین، فرانس، جرمنی اور جاپان شامل ہیں۔بزنس ویزا کی فہرست میں کویت، کرغزستان، قازقستان، ملائیشیا، مالٹا، قطر، سویڈن، برطانیہ، امریکا اور ازبکستان سمیت دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 24 ممالک ٹورسٹ ویزا کیٹیگری میں شامل ہیں، جن میں کینیڈا، فرانس، ملائیشیا، جرسی، اٹلی، چین اور ڈنمارک شامل ہیں۔ ٹورسٹ ویزا کیٹیگری میں شامل ممالک کا سفر کرنے والے افراد کی ذمہ داری مقرر کردہ ٹورسٹ آپریٹر پر عائد ہوگی۔وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق 15 ممالک گرانٹ ویزا کیٹیگری میں شامل ہیں، جن میں بنگلہ دیش، بھارت، اسرائیل، نائجیریا، صومالیہ، سوڈان اور یمن بھی شامل ہیں۔رپورٹ میں دوہری شہریت کی اجازت دینے والے 16 ممالک کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب رپورٹ کے مطابق پاکستان نے 36 ممالک کے ساتھ ویزا ختم کرنے کے معاہدے کیے ہیں۔ ان ممالک میں سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد سے متعلق 9 ممالک، آفیشل پاسپورٹ کے حامل افراد سے متعلق 19 ممالک جبکہ قومی پاسپورٹ کے حوالے سے 8 ممالک شامل ہیں۔وزارت داخلہ کی تیار کردہ رپورٹ میں مختلف ویزا کیٹیگریز اور متعلقہ ممالک کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں، جس کا مقصد ویزا پالیسی اور مختلف ممالک کے شہریوں کے لیے سفری سہولتوں سے متعلق معلومات کو یکجا کرنا ہے۔
